جموں و کشمیر کی ریاستی اراضی پر تجاوزات کے خاتمے کیلئے وفاق و پنجاب کو سفارشات دیں گے،چیئرمین قائمہ کمیٹی اسد قاسم

4

جموں و کشمیر کی ریاستی اراضی پر تجاوزات کے خاتمے کیلئے وفاق و پنجاب کو سفارشات دیں گے،چیئرمین قائمہ کمیٹی اسد قاسم

لاہور،16جولائی  (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان، ریاستوں و سرحدی علاقہ جات کے چیئرمین سینیٹر اسد قاسم نے کہا ہے کہ لاہور میں جموں و کشمیر کی ریاستی اراضی پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے وفاق اورپنجاب کو سفارشات دیں گے تاکہ موثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے، جموں و کشمیر ریاستی املاک، لاہور کے زیر انتظام ریاستی املاک کے ریکارڈ کو بہتر بنانے، جیو فینسنگ، کرایوں میں اضافے اور دیگر انتظامی اقدامات کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایوان اقبال کمپلیکس میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان، ریاستوں و سرحدی علاقہ جات کی اجلاس کے صدارت کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان کامران رحمان خان نے کمیٹی کو ایڈمنسٹریٹر جموں و کشمیر ریاستی املاک، لاہور کے زیر انتظام شہری و دیہی جائیدادوں سے متعلق بریفنگ دی، جبکہ ایڈمنسٹریٹر جموں اینڈ کشمیر اسٹیٹ پراپرٹی لاہور عدنان خان نے محکمہ کے بجٹ، انتظامی امور، مالی معاملات، جائیدادوں کے کرایوں، ریکارڈ اور دیگر امور سے متعلق کمیٹی کو آگاہ کیا۔

 اجلاس میں کمیٹی کے ارکان سینیٹر ندیم احمد بھٹو، سینیٹر دوستین علی ڈومکی، سینیٹر ناصر محمود بٹ اور سینیٹر نسیمہ احسان نے شرکت کی،مختلف امور پر سوالات کیے اور اپنی تجاویز پیش کیں۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر اسد قاسم نے کہا کہ کمیٹی پہلی مرتبہ لاہور آئی ہے تاکہ وزارت کے زیر انتظام ریاستی املاک، زمینوں اور ان سے متعلق مسائل کا موقع پر جائزہ لیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں متعلقہ حکام سے تفصیلی بریفنگ لی گئی ہے اور مختلف انتظامی، قانونی اور مالی معاملات کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ریاستی املاک کے ریکارڈ کو بہتر بنانے،جیو فینسنگ، کرایوں میں اضافے اور دیگر انتظامی اقدامات کے حوالے سے پیش رفت ہوئی ہے، تاہم جن معاملات میں مزید بہتری کی ضرورت ہے ان پر کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ کمیٹی ہر ممکن کوشش کرے گی کہ درپیش مسائل کو حل کیا جائے۔سینیٹر اسد قاسم نے کہا کہ کمیٹی آج (جمعہ) کو ریاستی املاک کا دورہ کرے گی،تجاوزات اور دیگر معاملات کا موقع پر جائزہ لے گی اور اس کے بعد حتمی سفارشات مرتب کی جائیں گی۔