اسلام آباد، 17 جولائی (اے پی پی(:وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے پبلک سیکٹر کی پہلی ”ڈیٹا گورننس کونسل” کے اجلاس میں شرکت کی، جو کہ پاور سیکٹر میں مؤثر، شفاف اور جدید ڈیٹا گورننس کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے ڈیٹا گورننس کونسل کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کرنے کی ہدایت جاری کی اور کونسل کے مؤثر و بروقت فیصلوں کے لیے ایک “ایگزیکٹو ورکنگ کمیٹی” تشکیل دینے کا حکم دیا۔ یہ ایگزیکٹو کمیٹی کونسل کے فیصلوں پر عملدرآمد اور ہونے والی پیش رفت کی کڑی نگرانی کرے گی۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر کو ڈیٹا گورننس کونسل کے مجوزہ ادارہ جاتی ڈھانچے پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
وفاقی وزیر توانائی نے کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاور سیکٹر میں بروقت اور مؤثر فیصلہ سازی کے لیے قابلِ اعتماد اور مربوط ڈیٹا انتہائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا گورننس کونسل ملک میں جدید، شفاف اور جوابدہ حکمرانی کی ٹھوس بنیاد فراہم کرے گی، جس کے ذریعے پاور سیکٹر میں ڈیٹا کے یکساں معیارات اور مؤثر انتظام کو یقینی بنایا جائے گا۔











