پاکستان اور ساؤتھ افریقہ ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی سیریز، ماہم نزاکت اور ڈانیلی بوشوف کی پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو

6

لاہور، 20 جولائی (اے پی پی): ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران ماہم  نزاکت اور ساؤتھ افریقن آل راؤنڈر ڈانیلی بوشوف نے پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کی۔

پاکستان ویمنز انڈر 19 اور ساؤتھ افریقہ انڈر 19 کے درمیان جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران قومی ٹیم کی لیفٹ آرم سپنر ماہم نزاکت نے کہا ہے کہ وہ فیصل آباد میں روزانہ سخت ٹریننگ کرتی تھیں جس کی بدولت انہیں قومی انڈر 19 ٹیم میں جگہ ملی اور اب وہ اگلے میچ میں ساؤتھ افریقہ کے کمزور شعبوں کو ٹارگٹ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

سیریز میں پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والی فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی ماہم نزاکت ،جو اب تک چھ وکٹیں حاصل کر کے سیریز کی بہترین سپنر ثابت ہوئی ہیں قومی سپنر سعدیہ اقبال کو اپنا آئیڈیل مانتی ہیں۔

 جبکہ دوسری جانب ساؤتھ افریقن آل راؤنڈر ڈانیلی بوشوف نے سیریز میں اپنی ٹیم کے شاندار کم بیک اور پلانز پر عملدرآمد کی تعریف کرتے ہوئے دورہ پاکستان اور یہاں کی روایتی میزبانی کو بہترین قرار دیا۔

 واضح رہے کہ پانچ میچوں کی اس سیریز میں ساؤتھ افریقہ کو دو ایک کی برتری حاصل ہے جبکہ دونوں ٹیمیں سوموار کے دن آرام اور منگل کو ٹریننگ کے بعد بدھ کے روز سیریز کے چوتھے میچ میں مدِمقابل ہوں گی۔