آئی ایس پی آر کے زیراہتمام سمرکیمپ 2026، وزیراعلیٰ بلوچستان کی طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست

6

اسلام آباد، 20 جولائی (اے پی پی): آئی ایس پی آر کے زیراہتمام پاکستان بھر کے طلبا و طالبات کے لیے سمرکیمپ 2026 کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر کے 18 سے زائد اسٹیشنز سے 4 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کیمپ کے شرکا سے خصوصی نشست کی۔ انہوں نے بلوچستان کی موجودہ صورتحال، دہشت گردی کے چیلنجز اور نوجوانوں کے کردار پر بات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فتنہ الہندوستان اور ان کی پراکسی کو بھارتی خفیہ ایجنسی را کی پشت پناہی حاصل ہے اور افغانستان نے دوحہ معاہدے کے باوجود دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لیے بنا ہے اور قومی اتحاد، یکجہتی، باہمی اعتماد اور نوجوانوں کی مثبت سوچ ہی مضبوط اور پرامن ملک کی ضمانت ہے۔

نشست کے دوران طلبہ نے وزیراعلیٰ سے دہشت گردی،سرمایہ کاری، اسمگلنگ،سوشل میڈیا اور دیگر امور پر سوالات کیے۔ طلبہ نے کہا کہ انہیں بلوچستان سے متعلق سوالات کے حقائق پر مبنی مدلل جوابات ملے اور ایسے مکالموں کو قومی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ضروری قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کا یہ سمرکیمپ نوجوانوں میں قومی شعور، مثبت اقدار اور صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔