وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ سے یو این ویمن کے چیف آف اسٹاف محمد نصیری کی ملاقات

9

اسلام آباد، 20 جولائی ( اے پی پی(: اقوام متحدہ کی خواتین کی تنظیم (یو این ویمن)کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے چیف آف اسٹاف محمد نصیری نے وفاقی وزیر قانون و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی ہے۔ جس میں خواتین کے حقوق، صنفی مساوات اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

 ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے یو این ویمن کی تکنیکی معاونت سے تیار کی جانے والی “خواتین اور بچیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے سے متعلق قومی پالیسی” پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اسے جلد حتمی شکل دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 اس موقع پر محمد نصیری نے وفاقی وزیر کو یو این ویمن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی جانب سے تعریفی خط پیش کیا، جس میں نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس کے کامیاب انعقاد اور پاکستان کے قائدانہ کردار کو سراہا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے آئندہ سارک کانفرنس، جینڈر ڈیٹا سسٹم کی مضبوطی، ڈیجیٹل شمولیت، اور ٹیکنالوجی کے ذریعے خواتین کے خلاف ہونے والے تشدد سے نمٹنے کے لیے مشترکہ تعاون کو وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں پاکستان میں یو این ویمن کے کنٹری نمائندے جمشید ایم قاضی اور ڈپٹی کنٹری نمائندہ فہمیدہ اقبال خان بھی شامل تھیں۔