ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کا اسلام آباد آمد پر پرتپاک استقبال، محسن نقوی نے خیرمقدم کیا

6

اسلام آباد، 20جولائی (اے پی پی) : ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سرکاری دورے پر پیر کو اسلام آباد پہنچ گئے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ائرپورٹ پر اپنے ایرانی ہم منصب کا خیر مقدم کیا جبکہ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے انہیں گلدستہ پیش کیا۔

اس موقع پر ایرانی سفیر رضا امیری مقدم بھی موجود تھے۔

محسن نقوی نے کہا کہ اپنے بھائی کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں اور امید ہے کہ ایرانی وزیر داخلہ اچھی خبر لے کر آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دورے سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا اور علاقائی صورتحال پر بھی پیش رفت کی امید ہے۔

ایرانی وزیر داخلہ کے ہمراہ وفد میں گورنر جنرل سیستان بلوچستان، نائب وزیر داخلہ، نائب وزیر اربن ڈویلپمنٹ ٹرانسپورٹ، نیشنل ایرانی آئل کمپنی کے سربراہ، وزیر زراعت کے خصوصی نمائندے اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔

ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں اسکندر مومنی نے کہا کہ اپنے بھائی محسن نقوی سے دوبارہ ملاقات کرکے بہت خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات فقیدالمثال ہیں اور وہ پاکستانی حکومت اور عوام کی مہمان نوازی کے ہمیشہ معترف رہے ہیں۔

محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ ایرانی وزیر داخلہ کا دورہ مفید رہے گا۔