لودھراں: وزیراعلیٰ پنجاب کے “سانجھی سبزی ” پروگرام پر عملدرآمد شروع، سرکاری محکموں کو فالتو اراضی پر سبزیاں کاشت کرنیکی ہدایت

13

لودھراں ،21جولائی(اے پی پی ):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی فلاحی منصوبے “سانجھی سبزی، سستی نہیں مفت سبزی” پروگرام کے تحت ضلع لودھراں میں عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیرِ صدارت کمیٹی روم میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ملک محمد ظفر اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ “سانجھی سبزی” وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک منفرد اور انقلابی پروگرام ہے جس کا مقصد گھریلو اور ادارہ جاتی سطح پر سبزیوں کی کاشت کو فروغ دینا اور عوام کو تازہ سبزیوں کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔انہوں نے تمام سرکاری محکموں کو ہدایت کی کہ اپنی زیرِ استعمال فالتو اراضی پر مقامی موسمی سبزیوں کی کاشت یقینی بنائیں۔

 انہوں نے کہا کہ سبزیوں کے لیے مختص جگہوں کی جیو ٹیگ لوکیشن اور تصاویر بھی متعلقہ حکام کو فراہم کی جائیں، جبکہ تمام ضلعی افسران پانچ روز کے اندر اپنی پیش رفت رپورٹ جمع کرائیں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے تحت کاشت کی جانے والی سبزیاں متعلقہ محکموں کے ملازمین کو مفت فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے پروگرام کی مؤثر تشہیر کے لیے تمام اداروں کو پینا فلیکس آویزاں کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے بتایا کہ پروگرام سے متعلق مزید رہنمائی اور تکنیکی معاونت کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔