اسلام آباد، 21جولائی (اے پی پی ):ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی کے اعزاز میں اسلام آباد پولیس لائنز میں شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پولیس لائنز پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کے خصوصی دستے نے ایرانی وزیر داخلہ کو شاندار سلامی پیش کی۔ اس موقع پر پاکستان اور ایران کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پولیس پریڈ کا معائنہ کیا اور اسلام آباد پولیس کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
تقریب میں ایرانی وزیر داخلہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران بھی موجود تھے۔











