راولپنڈی ، 22 جولائی(اے پی پی): بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشتگرد نیکسس کے خلاف سکیورٹی فورسز کے آپریشنز کے تسلسل میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جامع مشترکہ کارروائیاں کی جا رہی ہیں تاکہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے باقیات کا خاتمہ کیا جا سکے۔
گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع سوراب اور ضلع مستونگ میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ ایریا سینٹائزیشن اور ٹارگٹڈ آپریشنز کیے جن کے دوران 10 دہشتگرد ہلاک ہوئے ان کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا ۔
ضلع سوراب میں 7 دہشتگرد ہلاک کیے گئے جبکہ ضلع مستونگ میں بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الہندوستان کے 3 دہشتگرد ہلاک اور 2 خواتین خودکش بمباروں سمیت ایک سہولت کار کو بھی گرفتار کیا گیا۔دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور خودساختہ دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا،علاقے میں موجود کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد کے خاتمے کے لیے سینٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔
وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی جانب سے منظور کردہ “عزم استحکام” کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے بلا تعطل انسداد دہشتگردی مہم پورے جوش و خروش سے جاری رہے گی۔











