ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کا این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کا دورہ، جدید ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام کو سراہا

6

اسلام آباد ،22جولائی(اے پی پی):ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر(این ای او سی) کا دورہ کیا۔

ایرانی وفد میں پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سمیت دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری بھی ایرانی وفد کے ہمراہ موجود تھے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وفد کا این ای او سی میں خیرمقدم کیا۔

وفد کو این ڈی ایم اے کے جدید ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام، پیشگی انتباہی نظام اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ این ای او سی کے صلاحیتی دائرہ کار، قومی وسائل کے مؤثر استعمال اور 2026 کے دوران پاکستان اور ہمسایہ ممالک کو درپیش خطرات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے دونوں ممالک کے مابین تعاون اور تجربات کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔

ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے آفات سے نمٹنے اور پیشگی تیاریوں کے شعبے میں این ڈی ایم اے پاکستان کی نمایاں پیش رفت کو سراہا اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ادارے کے ماڈل کو قابلِ تقلید قرار دیا۔

ایرانی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان آفات سے نمٹنے کے شعبے میں تعاون اور تجربات کا تبادلہ خطے کی اجتماعی استعداد کار کو مزید مضبوط بنائے گا۔ ایران نے ابتدائی وارننگ سسٹمز، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں پاکستان کے تجربات سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

دونوں فریقین نے قدرتی آفات، موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے اور استعداد کار میں اضافے کے لیے ادارہ جاتی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

این ڈی ایم اے نے جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی اشتراک کے ذریعے قومی استحکام اور آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔