مسلم دنیا کی خوشحالی سائنسی تحقیق اور تعلیم سے مشروط ہے،  وفاقی وزیربرائے انسانی حقوق سینیٹراعظم نذیر تارڑ کا کامسٹیک فورم سے خطاب

4

اسلام آباد، 22جولائی(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کامسٹیک فورم سے خطاب کرتے ہوئے مسلم دنیا میں تعلیم، سائنسی تحقیق اور جدت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ علم، تحقیق اور جدت ہی مسلم دنیا کی ترقی، خوشحالی اور پائیدار مستقبل کی بنیاد ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیم ہر فرد کا بنیادی انسانی حق ہے اور معیاری تعلیم تک رسائی ریاست کی آئینی ذمہ داری اور انسانی حقوق کا اہم تقاضہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ او آئی سی رکن ممالک کے درمیان تعلیم، سائنسی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنایا جانا چاہیے تاکہ مشترکہ ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے نوجوان سائنس دانوں، محققین اور اختراع کاروں کی سرپرستی میں کامسٹیک کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے مسلم دنیا میں سائنسی استعداد بڑھانے اور تحقیق کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان او آئی سی ممالک کے ساتھ تعلیم، سائنسی تحقیق اور جدت کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔