ملتان ، 22 جولائی( اے پی پی):مون سون بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ ملتان نے ہنگامی انتظامات مکمل کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر م ڈاکٹر فیصل سلیم نے واسا کے ڈسپوزل اسٹیشنز، سیوریج منصوبوں اور نکاسی آب کے نظام کا تفصیلی دورہ کیا اور بارشوں سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شوکت نے ڈپٹی کمشنر کو نکاسی آب کے جامع پلان، ڈسپوزل اسٹیشنز کی فعالیت، ڈی واٹرنگ مشینری، عملے کی دستیابی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے ہدایت کی کہ مون سون بارشوں کے دوران واسا کی تمام مشینری اور عملہ مکمل طور پر فیلڈ میں متحرک رہے اور نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی فوری نکاسی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج لائنوں، برساتی نالوں اور نشیبی علاقوں کی بروقت صفائی مکمل کی جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، واسا اور دیگر متعلقہ محکمے مون سون بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بارش کے دوران مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے اور عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔











