وفاقی وزیر خالد حسین مگسی کی ای سی او سائنس فاؤنڈیشن کے چھٹے بورڈ اجلاس کی صدارت، رکن ممالک میں سائنسی تعاون کے فروغ پر زور

4

اسلام آباد، 22 جولائی)اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے ای سی او سائنس فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چھٹے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے رکن ممالک کے درمیان سائنسی تعاون، تحقیق، اختراع اور استعداد کار کے فروغ پر زور دیا۔

اپنے خطاب میں خالد حسین مگسی نے کہا کہ پاکستان کے لیے ای سی او سائنس فاؤنڈیشن کے اجلاس کی میزبانی اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سائنسی تحقیق، علم کے تبادلے، جدت اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے ای سی او سائنس فاؤنڈیشن کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع پائیدار ترقی اور اقتصادی خوشحالی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں اور رکن ممالک کو مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، پانی و غذائی تحفظ، توانائی کی منتقلی، صحتِ عامہ، ڈیجیٹل عدم مساوات اور نوجوانوں میں روزگار جیسے مسائل مشترکہ حکمت عملی کے متقاضی ہیں۔

انہوں نے  تعلیم، سائنسی تحقیق، اختراعی نظام اور جدید ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کو خطے کی ترقی اور مسابقت کے لیے ناگزیر قرار دیا۔انہوں نے ای سی او سائنس فاؤنڈیشن کی جانب سے سائنسی روابط، استعداد کار میں اضافے، تکنیکی مشاورت اور علاقائی شراکت داری کے فروغ میں کردار کو سراہتے ہوئے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ فاؤنڈیشن کے چارٹر اور اضافی پروٹوکول کی توثیق کا عمل جلد مکمل کریں اور بروقت مالی تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ ادارہ مؤثر انداز میں اپنے علاقائی منصوبے جاری رکھ سکے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیر برائے سائنس، تحقیق و ٹیکنالوجی حسین سیمائی صراف نے بھی رکن ممالک کے درمیان سائنسی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران ای سی او سائنس فاؤنڈیشن کی مالی و ادارہ جاتی مضبوطی کے لیے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا اور دیگر رکن ممالک کے ساتھ مل کر ادارے کو مزید فعال بنانے کے لیے کام کرے گا۔

اختتام پر وفاقی وزیر خالد حسین مگسی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ایک مضبوط اور فعال ای سی او سائنس فاؤنڈیشن خطے میں سائنسی تعاون، اختراع اور پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔

اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر برائے سائنس، تحقیق و ٹیکنالوجی حسین سیمائی صراف، وفاقی سیکرٹری برائے سائنس و ٹیکنالوجی شاہد اقبال بلوچ، ای سی او کے سیکرٹری جنرل سفیر اسد مجید خان، ای سی او سائنس فاؤنڈیشن کے صدر پروفیسر سید کمال طیبی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر غلام محمد میمن، سینئر سرکاری حکام اور رکن ممالک کے مندوبین نے بالمشافہ اور آن لائن شرکت کی۔