وزیراعظم کے معاون خصوصی فہد ہارون سے ماریشس کے ہائی کمشنر کی ملاقات، ڈیجیٹل میڈیا تعاون پر تبادلہ خیال

4

اسلام آباد، 22 جولائی ( اے پی پی): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون سے ماریشس کے ہائی کمشنر منسو کریمباکس نے  پاکستان میں ملاقات   کی۔ ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں تعاون اور بدلتے ہوئے انفارمیشن منظرنامے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے تیزی سے بدلتے ہوئے ڈیجیٹل میڈیا کے ماحول، اس کے نئے چیلنجز اور مواقع، اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور وسیع تر ڈیجیٹل میڈیا و انفارمیشن ایکو سسٹم سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر خیالات کا تبادلہ کیا۔

دونوں ممالک نے ڈیجیٹل کمیونیکیشن اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے، جدت، علم کے تبادلے اور باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات پاکستان اور ماریشس کے دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کی عکاسی کرتی ہے اور دونوں ممالک نے ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔