فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات، بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا

5

 

راولپنڈی ، 23 جولائی(اے پی پی): چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات کی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوشیں اور عوام کی غیر متزل حمایت بلوچستان میں پائیدار امن لائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز مکمل عزم کے ساتھ جاری رہیں گے جب تک دہشتگردی اور اس کے سہولت کاروں کا خاتمہ نہیں کر دیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جہاں کہیں بھی دہشتگرد انفراسٹرکچر ملک اور عوام کے لیے خطرہ بنے گا اسے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ بیرونی سرپرستی یافتہ پراکسیز مسلسل بلوچستان میں تشدد بھڑکانے، استحکام کو نقصان پہنچانے اور امن میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ تاہم ان کے مذموم عزائم کو پاک فوج کے پختہ اور فیصلہ کن ردعمل اور پاکستان کے عوام کی ثابت قدمی اور اتحاد کے ذریعے ناکام بنایا جائے گا۔

ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال اور جیالے، بہادر اور محب وطن عوام کا حامل ہے جو صوبے کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے جاری ترقیاتی اقدامات کا مقصد شمولیتی اور عوام دوست انداز میں بلوچستان کے سماجی و معاشی منظرنامے کو تبدیل کرنا ہے۔

COAS & CDF نے سول سوسائٹی، اکیڈیمیا، میڈیا اور نوجوانوں کے قومی یکجہتی کے استحکام اور بلوچستان کے طویل المدتی امن و خوشحالی میں تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے ملک کے مستقبل کے لائحہ عمل کے لیے قومی اتحاد اور استقامت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

سیشن کا اختتام شرکاء کے ساتھ کھلے اور جامع مکالمے پر ہوا۔ شرکاء نے پاکستان کے استحکام، ترقی اور خودمختاری کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔