ہارون اختر خان سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفد کی ملاقات؛ کاروباری ماحول اور ضابطہ جاتی اصلاحات پر تبادلہ خیال

3

اسلام آباد، 24 جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں وزارتِ صنعت و پیداوار کے جوائنٹ سیکریٹری اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی کے چیئرمین فریدون اکرم شیخ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں صنعت، سرمایہ کاری، کاروباری ماحول، ضابطہ جاتی اصلاحات اور پاکستان و ترکی کے درمیان تجارتی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وفد نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ہارون اختر خان کی معاشی ترقی، صنعتی فروغ اور عوامی فلاح کے لیے اقدامات کو سراہا۔ اس موقع پر ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا وژن پاکستان کی معاشی ترقی کی نئی راہیں ہموار کر رہا ہے اور وہ ہمیشہ کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا، سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا اور مقامی صنعتوں کی ترقی کے لیے قومی صنعتی پالیسی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ غیر ضروری سرکاری رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے ضابطہ جاتی اصلاحات کے جامع پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے اور سرمایہ کاروں و صنعتکاروں کے لیے آسان، شفاف اور کاروبار دوست نظام قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کاروباری برادری اور حکومت کے درمیان مضبوط اشتراک ہی پائیدار معاشی ترقی اور صنعتی استحکام کی ضمانت ہے، جبکہ نجی شعبے کی مشاورت سے ہی مضبوط معیشت اور صنعتی ترقی کا خواب حقیقت بن سکتا ہے۔

ملاقات کے دوران اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے معاونِ خصوصی کو ترکی کے آئندہ تجارتی وفد کے دورے سے آگاہ کیا۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ ترکی کے تجارتی وفد کا دورہ پاکستان کی برآمدات اور دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے وفد کو ترکی کے دورے سے بھرپور استفادہ کرنے اور نئے تجارتی مواقع تلاش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

ملاقات کے اختتام پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ہارون اختر خان کو چیمبر کے دورے کی دعوت دی۔