وزیر مملکت  طلال چوہدری کا اسلام آباد ماڈل جیل کا دورہ

2

اسلام آباد، 25 جولائی ( اے پی پی): وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اسلام آباد ماڈل جیل کا دورہ کیا ہے  جہاں انہوں نے  جیل کے جاری تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ماڈل جیل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا ترجیحی منصوبہ ہے۔ برسوں سے زیر التوا اسلام آباد ماڈل جیل منصوبے کو موجودہ حکومت نے عملی شکل دی۔ موجودہ حکومت نے اسلام آباد ماڈل جیل منصوبے پر تیز رفتاری سے کام شروع کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی قیادت میں ترقیاتی منصوبے ریکارڈ رفتار سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے متعلقہ اداروں کو منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کام تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے، مگر معیار ہر صورت برقرار رکھا جائے۔

دورے کے موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ کو ماڈل جیل پر جاری ترقیاتی کاموں کی پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع  پر سی ڈی اے کے متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔