وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا پمز میں زیرِ تعمیر 200 بیڈز پر مشتمل نئے ایمرجنسی سینٹر کا دورہ، منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ

4

اسلام آباد،27 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پمز ہسپتال میں زیر تعمیر 200 بیڈز پر مشتمل نئے ایمرجنسی سینٹر کا دورہ کیا جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ نے وزیر صحت کو منصوبے کی پیش رفت، دستیاب طبی سہولیات اور تکمیل کے مختلف مراحل پر بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ جدید طرز پر تعمیر کیا جانے والا یہ ایمرجنسی سینٹر اب فعال ہونے کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ وزیر صحت نے ہدایت کی کہ عمارت کی صفائی، فنشنگ اور تمام تکنیکی امور کو اعلیٰ ترین معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پمز ہسپتال پر مریضوں کا بوجھ بہت زیادہ ہے اس لیے نئے ایمرجنسی سینٹر کا جلد فعال ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کر کے عوام کے لیے کھولا جائے اور منصوبے کے پی سی فور کی تکمیل کے عمل میں بھی مزید تیزی لائی جائے۔

وزیر صحت نے کہا کہ نئے ایمرجنسی سینٹر میں 30 بیڈز پر مشتمل سرجیکل انتہائی نگہداشت یونٹ، 10 بیڈز پر مشتمل میڈیکل انتہائی نگہداشت یونٹ، دو جدید آپریشن تھیٹرز اور دو معمولی آپریشن تھیٹرز قائم کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو بروقت اور معیاری ہنگامی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور پمز میں قائم ہونے والا یہ جدید ایمرجنسی سینٹر اس سلسلے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

بعد ازاں وزیر صحت نے چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے تعاون سے قائم کی جانے والی اطفال ایمرجنسی سینٹر کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے بچوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بچوں کو معیاری، بروقت اور محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

 انہوں نے کہا کہ بچوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کمی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور انہیں بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔وفاقی وزیر صحت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزارت صحت سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی میں بہتری اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔