اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی الوداعی ملاقات

5

اسلام آباد ،28جولائی(اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں الوداعی ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان اور آذربائیجان کے برادرانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے آذربائیجانی سفیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اسپیکر نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات باہمی احترام اور مشترکہ اقدار پر استوار ہیں۔ دونوں برادر ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط سمیت دوطرفہ تعلقات میں اضافہ خوش آئند ہے۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان اہم عالمی و علاقائی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔ دونوں برادر ممالک نے علاقائی و عالمی پارلیمانی فورمز پر ہمیشہ ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آذربائیجان میں پاکستانی طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد دونوں برادر ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے عوامی روابط کی عکاس ہے۔ اسپیکر نے دونوں برادر ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

آذربائیجانی سفیر نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تعریفی کلمات پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے اپنی مدت سفارت کے دوران ملنے والی عزت اور محبت پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

سفیر خضر فرہادوف نے دونوں برادر ممالک کے مابین پارلیمانی روابط کے فروغ کے لیے اسپیکر سردار ایاز صادق کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔