ممکنہ سیلابی صورتحال: ضلعی انتظامیہ ملتان ریڈ الرٹ، ڈی سی کا دریائی بیلٹ اور حفاظتی بندوں کا ہنگامی دورہ

4

ملتان ،28 جولائی(اے پی پی):ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ ملتان مکمل ریڈ الرٹ ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے جلالپور پیر والا کے دریائی بیلٹ، دریائے چناب اور ستلج سے ملحقہ علاقوں اور حفاظتی بندوں کا تفصیلی دورہ کیا اور ہیڈ محمد والا، بند بوسن اور شیر شاہ کے حفاظتی بندوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں نے دریاؤں کی موجودہ صورتحال اور حفاظتی انتظامات پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے بتایا کہ ضلع ملتان کے مقام پر اس وقت دریائے چناب میں نچلے درجے کا تقریباً ایک لاکھ 65 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے اور فی الحال کسی بھی مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنا رہی ہے جبکہ دریائی علاقوں میں مقیم مکینوں کی بروقت اور محفوظ نقل مکانی کے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ڈاکٹر فیصل سلیم نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ہائی لیول سیلاب سے متعلق افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔