وزیر تجارت جام کمال خان سے کیئرک سیکرٹریٹ کے وفد کی ملاقات، تجارتی تعاون کا فروغ و دیگر امور پر تبادلۂ خیال

4

اسلام آباد، 29جولائی(اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے کیئرک سیکرٹریٹ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سرحدی انفراسٹرکچر، علاقائی روابط اور تجارتی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں بارڈر کنیکٹیویٹی منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ وفد نے آگاہ کیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی جانب سے اس منصوبے کی منظوری جلد متوقع ہے۔

وفد نے وفاقی وزیر تجارت کو منگولیا میں 29 اور 30 ستمبر کو منعقد ہونے والی کیئرک وزارتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ ملاقات میں کیئرک بزنس فورم کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، جہاں تجارت، سرمایہ کاری، لاجسٹکس اور علاقائی اقتصادی تعاون کے فروغ سے متعلق اہم پیش رفت متوقع ہے۔

اس موقع پر جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور خطے میں کاروباری تعاون بڑھانے کے لیے نئے اقدامات پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیئرک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کا تعاون پاکستان کی اقتصادی ترقی اور علاقائی روابط کے استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔ وفاقی وزیر نے علاقائی رابطوں، تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں کیئرک کے کردار کو بھی سراہا۔