وفاقی وزیر نوابزادہ خالد حسین مگسی سے یونیسیف اور لیڈ ایکسپوژر ایلیمینیشن پراجیکٹ کے وفد کی ملاقات

5

اسلام آباد، 29 جولائی ( اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نوابزادہ خالد حسین مگسی سے یونیسیف اور لیڈ ایکسپوژر ایلیمینیشن پراجیکٹ (LEEP) کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صارفین کی صحت کے تحفظ، لیڈ سے پاک مصنوعات کے فروغ، قومی معیارات کی بہتری اور بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ہلدی، پینٹس، سرمہ اور دیگر متعلقہ مصنوعات میں لیڈ کے خاتمے کے لیے قومی معیارات مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر خالد حسین مگسی نے کہا کہ وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی عوامی صحت کے تحفظ کے لیے عالمی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کر رہی ہے اور متعلقہ مصنوعات کو پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (PSQCA) کی لازمی سرٹیفکیشن فہرست میں شامل کیا جائے گا تاکہ محفوظ اور معیاری مصنوعات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لازمی سرٹیفکیشن کے نظام سے غیر معیاری اور مضرِ صحت مصنوعات کی مؤثر روک تھام ممکن ہوگی، جبکہ عوام کو محفوظ اور معیاری مصنوعات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مؤثر ریگولیٹری اصلاحات، بین الاقوامی معیار کے نفاذ اور جدید ٹیسٹنگ نظام کو عوامی صحت کے بہتر تحفظ کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

اجلاس میں وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی، PSQCA، PCSIR، یونیسیف اور LEEP نے محفوظ صارف مصنوعات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفد نے جدید ٹیسٹنگ سہولیات اور لیبارٹری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ پاکستان میں محفوظ اور معیاری صارف مصنوعات کے فروغ، قومی معیار، ٹیسٹنگ اور سرٹیفکیشن کے نظام کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے اور جدید لیبارٹری سہولیات کے ذریعے مصنوعات کے معیار اور عوامی صحت کے تحفظ کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔