لاہور،29جولائی ( اے پی پی ) : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت ٹرانسفارمیشن آف ایگریکلچر اور واٹر مینجمنٹ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پانی کی بچت اور گراؤنڈ واٹر مینجمنٹ پر رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے آنے والی نسلوں کے پانی کی حفاظت کے وژن کے تحت صوبہ بھر میں 110 منی ڈیمز بن گئے۔اجلاس میں وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف نے بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے لیے آن گراؤنڈ واٹر باڈیز کا پلان طلب کر لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پوٹھوہار کے بارانی پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے 3 سالوں میں 800 مزید منی ڈیمز بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ پوٹھوہار میں 800 نئے مینی ڈیمز کے قیام سے 32 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت پیدا ہوگی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے زیرِ زمین پانی کی مینجمنٹ کے لیے موجودہ لیگل فریم ورک کو مزید فعال اور بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں واٹر کنزرویشن اور پانی کی موثر مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ایچ آر (HR)سٹاف تعینات کرنے کابھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے محکمہ زراعت، آبپاشی، ہاؤسنگ اور لوکل گورنمنٹ کو پانی کی بچت کے لیے یکجا ہو کر کام کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس کے دوران صوبے میں کھاد کی مجموعی صورتحال اور فراہمی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ جاری مالی سال میں کسانوں کو 50 فیصد سبسڈی پر 1,000 نئے لیزر لینڈ لیولرز فراہم کیے جائیں گے۔ اس موقع پر اٹک، تلہ گنگ، گوجر خان اور راولپنڈی میں نئے تعمیر کردہ منی ڈیمز کے تصویری شواہد بھی پیش کیے گئے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سمجھدار قوم وہی ہوتی ہے جو پانی کے ایک ایک قطرے کو محفوظ بناتی ہے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں ترسیل کے دوران 30 فیصد اور استعمال میں 25 فیصد پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے جامع حکمتِ عملی تیار کر لی گئی ہے۔ پانی کی 20 فیصد بچت کے لیے 7 ہزار کلومیٹر طویل 2,600 واٹر کورسز کی پختگی کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ اگلے 3 سالوں میں 11,500 کلومیٹر طویل مزید 4,500 واٹر کورسز کی پختگی اور اصلاح کی جائے گی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ہائی ایفیشنسی اریگیشن سسٹم سے 18 ہزار ایکڑ فٹ پانی کی بچت اور 50 فیصد پیداوار میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ اگلے 3 سالوں میں 30 ہزار ایکڑ مزید اراضی کو ڈرپ اور سپرنکلز آبپاشی کے جدید نظام پر منتقل کیا جائے گا۔ گوجرانوالہ، گجرات اور لاہور ڈویژن میں 100 ریچارج ویلز فعال جبکہ 300 مزید تکمیل کے قریب ہیں۔











