پاکستان کی ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر: اڑان پاکستان کے تحت ایک ملین نوجوانوں کو سماجی تبدیلی کا سفیر بنایا جائے گا، احسن اقبال

5

اسلام آباد،29جولائی(اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لیے پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے اور کسی بھی قومی منصوبے کی کامیابی کے لیے طویل المدتی وژن اور مستقل مزاجی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

اسٹریٹجک ڈائیلاگ اینڈ لانچ آف ڈویلپمنٹ ایڈووکیٹس پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اڑان پاکستان کے تحت ملک کی پائیدار ترقی کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، جس کا مقصد اقتصادی اور سماجی شعبوں میں ہم آہنگی پیدا کرکے ترقی کے نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ تعلیم، صحت، نوجوانوں، خواتین اور انسانی وسائل میں سرمایہ کاری پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور اڑان پاکستان کے تحت ایک ملین نوجوانوں کو سماجی تبدیلی کے سفیر بنایا جائے گا، جو اپنی کمیونٹیز میں تعلیم، صحت اور سماجی آگاہی کو فروغ دیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اسلام آباد اور اس سے ملحقہ علاقوں کو ہیپاٹائٹس فری ریجن بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو بھی ہیپاٹائٹس فری بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے صوبوں پر زور دیا کہ وہ بھی اس قومی مقصد کے حصول کے لیے بھرپور تعاون کریں۔

انہوں نے کہا کہ صحت مند طرزِ زندگی، عوامی آگاہی اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے صحت عامہ کے شعبے میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے پولیو کے مکمل خاتمے اور عوامی صحت کے فروغ کے لیے قومی یکجہتی اور تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ بچوں کی ابتدائی نشوونما، معیاری تعلیم اور بہتر نگہداشت ایک مضبوط اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ تعلیم، صحت، ماحول، آبادی اور قومی ترقی جیسے اہم موضوعات کو اجاگر کرنے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صفائی اور ماحول کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھانی چاہییں تاکہ ایک صاف، صحت مند اور پائیدار پاکستان کی تعمیر ممکن ہو سکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور انسانی ترقی میں سرمایہ کاری وقت کی اہم ضرورت ہے، اور پاکستان طویل المدتی اصلاحات، قومی ہم آہنگی اور مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلیں طے کرے گا۔.