بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود ، بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ

2

شکاگو،1 اگست ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے   کہا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود  اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  شکاگو میں قونصلیٹ جنرل پاکستان کے  دورے کے دوران کیا جہاں قونصل جنرل زمان مہدی اور قونصلیٹ کے افسران و عملے نے وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا۔

وفاقی وزیر نے بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق اجاگر کرنے کے لیے منعقدہ تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا بیرونِ ملک پاکستانیوں کے ساتھ عزت، احترام، ہمدردی اور خلوص سے پیش آنا ہماری ذمہ داری ہے۔

انہوں نے قونصلر طریقۂ کار کو مزید آسان بنانے، غیر ضروری تاخیر کے خاتمے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے خدمات کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

قونصل جنرل زمان مہدی نے امریکی مڈویسٹ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے قونصلیٹ کے اقدامات اور قونصلر کیمپس سے متعلق وفاقی وزیر کو بریفنگ دی۔اس کے علاو وفاقی وزیر نے شکاگو میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کی اور ان کی آراء و تجاویز سنیں۔