نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں جاری پاکستان-کوریا ٹیسٹ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم نےجنوبی کوریا کو 1-3 سے شکست دے دی

5

اسلام آباد،1اگست  (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیرِ اہتمام نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں جاری پاکستان-کوریا ٹیسٹ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم نے عمدہ اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو 1-3 سے شکست دے دی۔

میچ کے مہمانِ خصوصی گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی تھے، جنہوں نے سٹیڈیم میں بیٹھ کر دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے اور کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو سراہا۔

میچ کے اختتام پر منعقدہ پروقار تقریب میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی جانب سے گورنر خیبرپختونخوا کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی سرگرمیوں کے بحالی اور کامیاب انعقاد کو انتہائی خوش آئند قرار دیا۔انکے ہمراہ ڈی جی پی ایس بی سپورٹس بورڈ یاور حسین بھی موجود تھے۔

تفصیلات کے مطابق میچ کا پہلا ہاف سخت مقابلے کے بعد برابر رہا۔ میچ کے 30 ویں منٹ میں جنوبی کوریا کے کھلاڑی سن ڈین نے فیلڈ گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی۔ تاہم، ہاف ٹائم کے فوراً بعد پاکستان نے زبردست کم بیک کیا۔ میچ کے 33 ویں منٹ میں عبدالرحمن نے شاندار فیلڈ گول کے ذریعے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ بعد ازاں قومی ٹیم نے میچ پر مکمل گرفت حاصل کر لی۔ پاکستان ٹیم کے کپتان ابوبکر محمود نے میچ کے 52 ویں منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعے خوبصورت گول اسکور کر کے پاکستان کو 1-2 کی برتری دلائی۔ میچ کے بالکل آخری منٹ (60 ویں منٹ) میں کپتان ابوبکر محمود نے ایک بار پھر پینلٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے پاکستان کی فتح 1-3 سے یقینی بنا دی۔شاندار کارکردگی اور 2 اہم گول اسکور کرنے پر قومی ٹیم کے کپتان ابوبکر محمود کو میچ کا بہترین کھلاڑی (مین آف دی میچ) قرار دیا گیا۔ آج کے میچ کو  فہد علی خان اور اسد عباس نے سپروائز کیا ۔ جبکہ ریزرو ایمپائر محمد ساجد رضا تھے۔ویڈیو ایمپائر ہارون رشید تھے ۔اسکورنگ جج عدنان شہزاد ،ٹائمنگ جج محبوب جاوید، ٹیکنیکل آفیشل حمزہ طفیل تھے۔ ٹیکنیکل ڈیلیگیٹ  محمد شفیق،ایمپائر منیجر فیض محمد فیضی، میڈیا کو آرڈینیٹر محمد وقاص شیخ، پی ایچ ایف کیمپ کوآرڈینیٹر عبدالناصر اخونزادہ،چیف کوآرڈینیٹر اینڈ آپریشن نجیب خٹک کے علاوہ دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔