آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیابی جمہوریت، ریاست اور کشمیری عوام کی فتح ہے، امیر مقام

4

اسلام آباد، 03 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں کامیابی صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نہیں بلکہ کشمیری عوام، جمہوریت اور ریاست کی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد سے ریاستی رٹ قائم ہوئی اور یہ ثابت ہوا کہ جمہوری عمل مضبوط بنیادوں پر آگے بڑھ رہا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الیکشن کمیشن، انتظامیہ، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور تمام متعلقہ حکام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اداروں نے دن رات محنت کرکے پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک عرصے سے یہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ انتخابات نہیں ہوں گے، تاہم تمام اداروں کے باہمی تعاون اور ٹیم ورک کی بدولت یہ عمل کامیابی سے مکمل ہوا۔

امیر مقام نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں، کارکنوں، کوآرڈینیٹرز اور پارٹی عہدیداروں نے گلی گلی، کوچہ کوچہ، پہاڑوں اور میدانوں میں جا کر عوام تک پارٹی کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اچانک حاصل نہیں ہوئی بلکہ مسلسل محنت، تنظیمی یکجہتی اور مؤثر انتخابی حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے آزاد کشمیر جا کر عوام سے براہ راست رابطہ کیا جبکہ مریم نواز نے پنجاب میں اپنی حکومت کی کارکردگی کو عوام کے سامنے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی مسلسل انتخابی عمل کی نگرانی کی اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیری عوام نے سیاسی جماعتوں کی ماضی اور حال کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عوام سے جو وعدے کیے ہیں، ان پر پوری طرح عمل کیا جائے گا اور عوام کے اعتماد پر پورا اترا جائے گا۔