وزیراعظم کا نجی سرمایہ کاری اور چھوٹے کاروبار کے فروغ کے لیے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ قائم کرنے کا حکم

6

اسلام آباد ، 03 اگست (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار  کی معاونت کے لیے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کا لائحہ عمل جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 وزیراعظم کی زیر صدارت نجی سرمایہ کاری اور پائیدار معاشی ترقی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں پبلک ایکویٹی مارکیٹ اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے فروغ کے لیے جامع روڈ میپ کی فوری تیاری کا حکم دیا گیا تاکہ ملک میں سرمایہ کاری کے لیے درکار فنڈز میسر آ سکیں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے راہ ہموار ہو۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ معیشت میں وسعت، نئی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک مؤثر محرک کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ معدنیات، زراعت، لائیو اسٹاک، توانائی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) جیسے شعبے پاکستان کی معیشت کے بنیادی محرک بننے کی کامل صلاحیت رکھتے ہیں اور ان شعبوں میں سرمائے کی فراہمی کے لیے پبلک ایکویٹی مارکیٹ ایک اہم ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بینکنگ سیکٹر کی جانب سے سرمایہ کاری کا حجم ابھی بھی محدود ہے، جس کی وجہ سے متبادل سرمایہ کاری کے ذرائع کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ایسے اقدامات کو ترجیح دے رہی ہے جو نجی شعبے کی قیادت میں سرمایہ کاری، صنعت اور برآمدات کو بڑھا کر ملکی معیشت کو مضبوط اور پائیدار بنیادوں پر استوار کریں۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔