پاکستان ایک نئی صبح کی دہلیز پر کھڑا ہے، جو امید، عزم، قومی یکجہتی اور ترقی کے روشن امکانات کی نوید لے کر طلوع ہو رہی ہے؛ احسن اقبال

7

اسلام آباد، 3 اگست (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے یومِ آزادی کی 79ویں سالگرہ اور بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی ڈیڑھ سوویں یومِ پیدائش کی مناسبت سے قومی نغمے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک نئی صبح کی دہلیز پر کھڑا ہے، جو امید، عزم، قومی یکجہتی اور ترقی کے روشن امکانات کی نوید لے کر طلوع ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تقریب محض ایک قومی نغمے کی رونمائی نہیں بلکہ ایک ایسی قومی تحریک کا آغاز ہے جس کا مقصد قوم کی اجتماعی روح، فکری سمت اور ترقی کے عزم کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی فکری بنیادیں شاعرِ مشرق، حکیم الامت علامہ محمد اقبالؒ اور بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کے افکار سے استوار ہیں۔ علامہ اقبالؒ نے قوم کو خودی، خوداعتمادی، علم، کردار اور عمل کا درس دیا، جبکہ قائدِ اعظمؒ نے اسی فکر کو عملی تعبیر دے کر ایک آزاد، خودمختار، جدید اور ترقی پسند ریاست کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظمؒ کی ڈیڑھ سوویں یومِ پیدائش ہمیں بانیانِ وطن کے خوابوں کی تکمیل کے عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتی ہے۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان قومی اصلاحات، مؤثر حکمرانی اور ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان، ماہرین، نجی شعبہ اور تمام ریاستی ادارے مل کر قومی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مزید تیز کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اصلاحات کے عمل میں تسلسل، قومی اتفاقِ رائے اور اجتماعی ذمہ داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نوجوان امید، صلاحیت اور روشن مستقبل کی علامت ہیں، وہ اقبال کے شاہین ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ قوم کے اجتماعی عزم، مؤثر حکومتی اقدامات اور عوامی تعاون سے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور معاشی بحالی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی وطن کی ترقی اور مثبت پیش رفت پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، جو پوری قوم کی مشترکہ کوششوں کا ثمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اڑان پاکستان قومی معاشی تبدیلی کا ایک جامع فریم ورک ہے، جس کا مقصد پاکستان کو اکیسویں صدی کی معیشت سے ہم آہنگ کرنا، ایک ٹریلین ڈالر معیشت کی بنیاد رکھنا، برآمدات میں اضافہ، جدید ٹیکنالوجی کا فروغ، توانائی میں خودانحصاری، ڈیجیٹل معیشت کی تشکیل، انسانی وسائل کی مہارتوں میں اضافہ، معیاری تعلیم و صحت، مؤثر آبادیاتی منصوبہ بندی اور پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل مہارتوں اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کرنے کے لیے مختلف پروگراموں اور تربیتی منصوبوں پر بھرپور سرمایہ کاری کر رہی ہے، کیونکہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہی نہیں بلکہ اس کا حال بھی ہیں۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ یہ قومی نغمہ ایک ولولہ، ایک تحریک اور ایک بیدار قوم کی دھڑکن ہے، جو علامہ اقبالؒ کے پیغامِ خودی، جرأت اور خوداعتمادی کو نوجوان نسل کے جذبے سے جوڑتا ہے اور قائدِ اعظمؒ کے مضبوط، خودانحصار اور ترقی یافتہ پاکستان کے وژن کو نئی نسل تک مؤثر انداز میں پہنچانے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں، اپنی خودی کو مضبوط بنائیں، علم، کردار اور محنت کو اپنا شعار بنائیں اور قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔