وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات کا اے پی پی کی پیشہ ورانہ ترقی کے عزم کا اظہار، بورڈ اجلاس میں انتظامی و مالی امور کی منظوری

13

اسلام آباد، 4 اگست (اے پی پی): وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل نے کہا ہے کہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے پیشہ ورانہ فروغ اور ادارے کے ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے منگل کو اے پی پی ہیڈکوارٹرز میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 35 ویں اجلاس کی صدارت کے بعد اے پی پی کے ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کے زیر التواء مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اپنا بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔

اجلاس میں اے پی پی کے انتظامی اور مالی امور سے متعلق ایجنڈا آئٹمز کا جائزہ لیا گیا اور ان کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی سبین عثمان خٹک ، پرنسپل انفارمیشن آفیسر ریئسہ عادل، ڈائریکٹر جنرل پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن سعید شیخ، سینئر صحافی محمد نواز رضا ،جوائنٹ سیکرٹری ایکسپنڈیچر فنانس ڈویژن اظہار احمد سمیت  بورڈ کے ارکان اور اے پی پی کے سینئر حکام نے شرکت کی جبکہ سینیٹر سرمد علی، پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغ عامہ کی سربراہ نوشینہ سلیم اور ڈائریکٹر جنرل انٹرنل پبلسٹی عاشق شیخ  اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اے پی پی کے ملازمین نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ایجنڈا آئٹمز کی منظوری کے عمل کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنے پر سیکرٹری اطلاعات، بورڈ کے ارکان اور اے پی پی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔