وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی امریکی تجارتی نمائندے سے ورچوئل ملاقات

8

اسلام آباد، 05 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکہ کے تجارتی نمائندے (یو ایس ٹی آر) سفیر جیمیسن گریئر سے ورچوئل ملاقات کی،جس میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے سے متعلق جاری مذاکرات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات میں واشنگٹن میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے تسلسل میں دونوں ممالک کی مذاکراتی ٹیموں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ دونوں فریقین نے باہمی تجارتی تعاون کے مجوزہ فریم ورک کو جلد حتمی شکل دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مذاکرات کو مثبت انداز میں آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری پاکستان کی برآمدات پر مبنی معاشی حکمتِ عملی کو مزید تقویت دے گی، معاشی استحکام میں معاون ثابت ہوگی اور دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کے لیے نئے تجارتی مواقع پیدا کرے گی۔

امریکی تجارتی نمائندے سفیر جیمیسن گریئر نے مذاکرات کے دوران پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے دوطرفہ تجارتی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی سطح پر جاری رابطوں کے ذریعے باقی امور کو بھی جلد مکمل کیا جا سکتا ہے۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تکنیکی سطح پر مشاورت کا سلسلہ تیز کیا جائے گا تاکہ مجوزہ باہمی تجارتی فریم ورک کو جلد از جلد حتمی شکل دی جا سکے۔ اجلاس میں وفاقی سیکریٹری تجارت جواد پال اور امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر کے سینئر حکام بھی شریک تھے۔