اسلام آباد،5 اگست ( اے پی پی(:وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیز کی نجکاری اور پرائیویٹائزیشن کمیشن کی اصلاحاتی تنظیم نو پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیز (ڈسکوز)کی نجکاری میں عالمی معیار کے سرمایہ کاروں کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے موثر اور جامع حکمت عملی اختیار کی جائے۔
وزیراعظم نے نجکاری کمیشن میں جاری ادارا جاتی اصلاحات اور تنظیم نو کا کام ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نجکاری کے عمل میں سرمایہ کاروں کی شمولیت کے لیے اندرون و بیرون ملک کیے جانے والے کامیاب روڈ شوز باعث اطمینان ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈسکوز کی نجکاری کے تمام مراحل مقررہ مدت میں طے شدہ قواعد اور بہترین حکمت عملی کے مطابق منافع بخش انداز میں مکمل کیے جائیں اور نجکاری کمیشن کی افرادی قوت میں عالمی معیار کے مالیاتی، قانونی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین شامل کیے جائیں۔
وزیراعظم نے عالمی معیار کی افرادی قوت اور ماہرین نجکاری کمیشن کی استعداد کار اور اداروں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے موثر اقدامات کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ نجکاری کے مراحل میں بہترین پیشہ ورانہ استعداد کے حامل کنسلٹنٹ کی تجاویز کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی۔
وزیراعظم نے نجکاری کے مراحل کی سہولت کے لیے درکار تمام قانونی انتظامات اور مالیاتی ریگولیشن فریم ورک کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ان کا کہنا تھا کہ نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دی جاۓ جبکہ نجکاری میں شامل اداروں میں مستقبل میں صارفین کی شکایت کے ازالے کا جامع اور موثر انتظامی ڈھانچہ یقینی بنایا جائے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل تقسیم کار کمپنیز آئیسکو، فیسکو، جیپکو میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے لیے اندرون و بیرون ملک روڈ شوز مکمل کر لیے گئے ہیں۔مزید برآں،ترکیہ، سعودی عرب اور چائنہ میں روڈ شوز اور سرمایہ کاروں سے نجکاری کے تناظر میں روابط کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آرہے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی اور متعلقہ سرکاری اداروں کے عہدے داران نے شرکت کی۔











