وفاقی وزیر احد چیمہ سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کےصدر ڈاکٹر تاناکا اکی ہیکو کی ملاقات

5

اسلام آباد، 05 اگست (اے پی پی ): وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کےصدر ڈاکٹر تاناکا اکی ہیکو نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور جاپان کے درمیان ترقیاتی تعاون، انفراسٹرکچر، معاشی اصلاحات اور مختلف شعبوں میں جاری و مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر احد چیمہ نے جائیکا کو ایم ایل ون ریلوے منصوبے میں مشترکہ فنانسنگ کے لیے شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس اہم منصوبے پر ایشیائی ترقیاتی بینک سمیت دیگر ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون کی تکمیل سے تجارتی اور صنعتی روابط مزید مضبوط ہوں گے،جبکہ دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے بھی جائیکا کے تعاون کی ضرورت ہے تاکہ فری لانسرز، ای کامرس اور ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے اہم ترقیاتی منصوبوں کی فیزیبلٹی اسٹڈیز میں جائیکا کی معاونت کی بھی درخواست کی۔

جائیکا کے صدر ڈاکٹر تاناکا اکی ہیکو نے کہا کہ ادارہ ایم ایل ون منصوبے پر غور کرے گا اور فیزیبلٹی اسٹڈیز جائیکا کی بنیادی صلاحیتوں میں شامل ہیں، اس لیے حکومت پاکستان کو اس شعبے میں بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔

ملاقات میں دونوں فریقین نے ہنر مند افرادی قوت کی تربیت کے لیے مشترکہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ گندھارا آرٹ اور تاریخی و تہذیبی مقامات کے تحفظ کے ذریعے ثقافتی سیاحت کے فروغ پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ جائیکا نے گندھارا تہذیب اور ثقافتی سیاحت کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی تجویز کا خیرمقدم کیا۔

احد چیمہ نے کہا کہ پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں جائیکا کا کردار قابلِ تحسین ہے اور جاپانی حکومت و جائیکا کے تعاون سے توانائی، ٹرانسپورٹ، زراعت، صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام اور پائیدار نمو کی راہ پر گامزن ہے۔

جائیکا کے صدر نے حکومت پاکستان کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے اور جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے مختلف ترقیاتی شعبوں میں تعاون مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے پاکستان اور جاپان کے درمیان ترقیاتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔