کوئٹہ 5 اگست ( اے پی پی ):بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کچلاک میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر شربت، سرکہ اور جوس تیار کرنے والے غیر رجسٹرڈ پروڈکشن یونٹ کو سیل کردیا، جبکہ یونٹ سے بڑی مقدار میں ناقص اور غیر معیاری مشروبات برآمد کرکے مضر صحت اشیاءقبضے میں لے لی گئیں۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے حکام کے مطابق خفیہ اطلاع پر ڈائریکٹر آپریشنز فخرالدین مری کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کچلاک میں غیر قانونی مشروبات تیار کرنے والے یونٹ پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران یونٹ میں غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی طور پر شربت، سرکہ اور جوس تیار کیے جانے کا انکشاف ہوا، جس پر پروڈکشن یونٹ کو فوری طور پر سیل کردیا گیا اور ناقص و غیر معیاری مشروبات کی تیاری کا عمل بند کرادیا گیا۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران یونٹ سے تیار شدہ شربت، سرکہ اور جوس کی بڑی مقدار برآمد ہوئی، جنہیں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے قبضے میں لے لیا۔ ابتدائی جانچ کے دوران مصنوعات کی پیکنگ اور لیبلنگ میں بھی سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئیں، جبکہ پراڈکٹس پر گمراہ کن لیبلنگ، جعلی معلومات اور غلط پتے کے استعمال کا بھی انکشاف ہوا۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران برآمد ہونے والے تیار شدہ مشروبات کے نمونے حاصل کرکے مزید تجزیے کے لیے مجاز لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں، جہاں ان کے معیار، اجزاءاور انسانی صحت کے لیے موزونیت کی مکمل جانچ کی جائے گی۔ لیبارٹری رپورٹ موصول ہونے کے بعد یونٹ کے مالکان کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر آپریشنز بلوچستان فوڈ اتھارٹی فخرالدین مری نے کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں ہر قیمت پر جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر معیاری اور مضر صحت خوراک و مشروبات کی تیاری اور فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ غیر معیاری خوراک و مشروبات تیار کرنے والوں کے لیے بلوچستان میں کوئی رعایت نہیں، قانون سب پر یکساں لاگو ہوگا اور عوام کی صحت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈائریکٹر آپریشنز نے کہا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبہ بھر میں اپنی کارروائیوں کو مزید موثر اور تیز کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر رجسٹرڈ فوڈ یونٹس، ناقص اور غیر معیاری خوراک و مشروبات کی تیاری، جعلی یا گمراہ کن لیبلنگ اور صارفین کو غلط معلومات فراہم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن بلاامتیاز جاری رہے گا۔











