ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کے زیراہتمام یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ریلی کا انعقاد

6

کوئٹہ، 05 اگست (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کے زیراہتمام یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ایک پروقار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرنا اور بھارت کے غیر قانونی و یکطرفہ اقدامات کے خلاف بھرپور آواز بلند کرنا تھا۔

ریلی کی قیادت حریت رہنما حسن بنہ، اسسٹنٹ کمشنر (سٹی)محمد امیر حمزہ، اسسٹنٹ کمشنر (صدر)محمد یوسف ہاشمی اور چیف میونسپل آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن نذر زہری نے کی۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران، مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین، سول سوسائٹی کے نمائندگان، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہوئی اور شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزرتے ہوئی دوبارہ ڈپٹی کمشنر آفس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکا نے ہاتھوں میں قومی پرچم، کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی پر مبنی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے  جبکہ پورے راستے میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حق میں اور بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور نعرے لگائے گئے۔

اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے بین الاقوامی قوانین، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل تک اپنی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا۔

مقررین نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں، بھارتی مظالم کا سدباب کریں اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کریں۔

ریلی کے اختتام پر مقبوضہ کشمیر کے شہداکے درجات کی بلندی، کشمیری عوام کی آزادی اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔