اسلام آباد، 6 اگست )اے پی پی): قیامِ پاکستان کے حوالے سے لوک ورثہ اسلام آباد کے زیر اہتمام پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) آڈیٹوریم میں “نقوشِ وطن – ایک قومی ثقافتی بیانیہ” کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں گورنر سندھ نہال ہاشمی، وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی، وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، مختلف ممالک کے سفرا، وفاقی سیکرٹریز، اعلیٰ حکام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب کا مقصد پاکستان کے قومی ثقافتی بیانیے، تہذیبی ورثے اور قومی شناخت کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر تعلیمی، ثقافتی اور تحقیقی اداروں کے نمائندوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جبکہ مقررین نے پاکستان کی تہذیبی شناخت، ثقافتی ورثے اور نوجوان نسل میں قومی شعور کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔
افتتاحی تقریب کے دوران ثقافتی رنگ بھی نمایاں رہے۔ معروف فنکاروں اور نوجوان گلوکاروں نے ملی نغمے پیش کیے، جبکہ شاندار میوزیکل پرفارمنس اور ڈھول کی تھاپ پر دلکش ثقافتی رقص نے شرکا سے بھرپور داد وصول کی۔ فنکاروں کی پرفارمنس اور ملی نغموں نے تقریب کو قومی جذبے اور ثقافتی رنگوں سے بھر دیا۔











