اسلام آباد، 7 اگست ) اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے بیلاروس کے سفیر آندرے میٹیلیتسا نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں آئندہ پاکستان۔بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر جام کمال خان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور صدر بیلاروس کے قریبی اور مضبوط تعلقات نے دوطرفہ تعاون کو نئی رفتار دی ہے، جبکہ دونوں ممالک کی قیادت کے مضبوط روابط اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مالیاتی اور ادائیگی کے مؤثر نظام کے قیام کے لیے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ مقامی کرنسی اور متبادل ادائیگی کے طریقہ کار پر تکنیکی سطح پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
دونوں جانب سے زراعت، کھاد، انجینئرنگ، ٹریکٹرز، ہیوی مشینری، توانائی اور غذائی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ جام کمال خان نے بیلاروس کی انجینئرنگ اور زرعی مشینری کی صنعت کو سراہتے ہوئے ٹریکٹرز، ٹرکس اور زرعی مشینری کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر زور دیا۔
بیلاروس کے سفیر نے کہا کہ بیلاروس میں پاکستانی ہنرمند افرادی قوت کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ملاقات میں پاکستانی کارکنوں کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے اور شفاف بھرتیوں کے طریقہ کار کو یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں آئندہ اعلیٰ سطحی دوروں اور مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کو عملی اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔











