وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری کا سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ

5

اسلام آباد،7 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سیف سٹی توسیعی پراجیکٹ پر پیش رفت کے حوالے سے خصوصی اجلاس بھی منعقد ہوا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ سیف سٹی توسیعی منصوبے پر مجموعی طور پر 85 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ نئے کیمروں کی تنصیب 85 فیصد تک مکمل کر لی گئی ہے جبکہ 415 کلومیٹر آپٹیکل فائبر بھی بچھا دی گئی ہے۔ ڈیٹا سینٹر، سائبر آرکیٹیکچر اور سائبر سیکیورٹی پر بھی 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیف سٹی توسیعی منصوبے کو 30 ستمبر تک مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم اسلام آباد سیف سٹی کو جدید، سمارٹ اور ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر عالمی معیار کا ادارہ بنانا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی سے لیس سیف سٹی نظام شہریوں کے تحفظ، مؤثر نگرانی اور فوری رسپانس کو یقینی بنائے گا۔

محسن نقوی نے اسلام آباد سیف سٹی کے جدید فیوژن سینٹر کو تین ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک بھی دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیف سٹی بل کو حتمی شکل دے کر جلد از جلد قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کو سیف سٹی کی توسیع پر جاری پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، سیف سٹی کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔