لاہور، 7 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر اگست 2026 کو جشنِ آزادی کا یادگار مہینہ بنانے کے لیے لاہور میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، جبکہ شہر بھر میں قومی، ثقافتی، کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے جامع اور مربوط لائحہ عمل ترتیب دے دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک کو لاہور میں جشنِ آزادی کی تقریبات اور انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں اگست بھر منعقد ہونے والی تقریبات، کھیلوں کے مقابلوں، ثقافتی سرگرمیوں، فیملی انٹرٹینمنٹ ایونٹس اور دیگر پروگراموں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے بتایا کہ جشنِ آزادی لاہور میں بھرپور قومی جوش و جذبے اور شان و شوکت سے منایا جائے گا اور مختلف تقریبات کے ذریعے شہریوں میں قومی یکجہتی، حب الوطنی اور عوامی شرکت کے جذبے کو فروغ دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اگست بھر لاہور میں سپورٹس اور کلچرل ایونٹس، فیملی انٹرٹینمنٹ پروگرامز، ثقافتی کنسرٹس، آتش بازی، چراغاں اور خصوصی لائٹنگ سمیت مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا، تاکہ شہری جشنِ آزادی کی خوشیوں میں بھرپور انداز میں شریک ہو سکیں۔
اس موقع پر مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق لاہور جشنِ آزادی کی مرکزی تقریبات کا نمایاں مرکز ہوگا اور شہریوں کے لیے بہترین تفریحی، ثقافتی اور قومی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کی تقریبات کا مقصد نہ صرف آزادی کی خوشیوں کو بھرپور انداز میں منانا ہے بلکہ نئی نسل میں وطن سے محبت اور قومی تشخص کے احساس کو مزید مضبوط کرنا بھی ہے۔
ذیشان ملک نے کہا کہ قومی یکجہتی، حب الوطنی اور سبز ہلالی پرچم سے محبت کے جذبے کو فروغ دینا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت جشنِ آزادی کی تقریبات میں شہریوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔











