اقوام متحدہ، 8 اگست ( اے پی پی): پاکستان نے سوڈان میں تعلیم کے تحفظ کے لیے فوری بین الاقوامی اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کے تحفظ اور ان کی تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانا سوڈان کی بحالی، استحکام اور دیرپا امن کے لیے ناگزیر ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے زیر اہتمام ’’سوڈان میں تعلیم کا تحفظ: امن، بحالی اور استحکام میں سرمایہ کاری‘‘ کے عنوان سے منعقدہ آریا فارمیولا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے فرسٹ سیکرٹری سید انصار شاہ نے کہا کہ اپریل 2023 میں تنازع شروع ہونے کے بعد سے سوڈان میں 17 ملین سے زائد بچوں کی تعلیم شدید متاثر ہوئی ہے، جبکہ تقریباً 8 ملین بچے اس وقت اسکولوں سے باہر ہیں۔
پاکستانی نمائندے نے اسکولوں، طلبہ، اساتذہ اور تعلیمی عملے پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں کو کبھی بھی نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے اور نہ ہی ایسے مقاصد کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے جن سے بچوں کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو۔ انہوں نے بین الاقوامی انسانی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت تعلیمی اداروں کے تحفظ اور ہنگامی حالات میں بھی بچوں کے حقِ تعلیم کو یقینی بنانے کی ذمہ داری پر زور دیا۔
سید انصار شاہ نے تین ترجیحات کی نشاندہی کی ۔اسکولوں کا تحفظ اور بچوں، اساتذہ اور انسانی امدادی کارکنوں کے لیے تعلیم اور انسانی امداد تک محفوظ رسائی کو یقینی بنانا؛ بے گھر اور پناہ گزین بچوں کے لیے ہنگامی تعلیمی سرگرمیوں، اسکولوں کی بحالی اور اساتذہ کی معاونت کو ترجیح دینا؛ اور سوڈان کے قومی تعلیمی نظام کا تحفظ، جس میں امتحانات، اسناد اور تعلیمی قابلیت کی توثیق و منظوری شامل ہے۔
فرسٹ سیکرٹری نے اس امر پر زور دیا کہ آج تعلیم سے محروم ہونے والے بچے ہی کل سوڈان کی بحالی کے لیے درکار ڈاکٹر، اساتذہ، انجینئرز، سرکاری اہلکار اور معاشرتی رہنما بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اولین اور حتمی ترجیح سوڈان میں جاری تنازع کا فوری خاتمہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے سوڈان کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی پختہ حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ایسے متوازی حکومتی ڈھانچوں کی مخالفت کی جو سوڈان کو تقسیم کرنے اور اس کے نوجوانوں کے مستقبل کو نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتے ہیں۔
پاکستانی نمائندے نے تمام سوڈانی فریقین پر زور دیا کہ وہ تنازع کی راہ ترک کرتے ہوئے سوڈان کی عوام اور ملک کے مستقبل کے مفاد میں سفارتی حل کی جانب پیش رفت کریں۔











