سیالکوٹ: 8 اگست( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے کہا ہے کہ معاشی سرگرمیوں، صنعتی ترقی اور برآمدات کے فروغ کیلئے ضلعی انتظامیہ اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کو بہتر بنایا جائے گا، صنعتکاروں اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی کیلئے ضلعی انتظامیہ چیمبر آف کامرس کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر صدر چیمبر سید احتشام مظہر کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صنعتی شعبے کی ترقی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، صنعتکاروں اور کاروباری برادری کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات، تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کہا کہ سیالکوٹ ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے والا صنعتی و برآمدی مرکز ہے اور یہاں کی صنعتوں اور کاروباری برادری کی ترقی کا براہ راست تعلق ضلع کی معاشی خوشحالی اور روزگار کے نئے مواقع سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی صنعتکار اور برآمد کنندہ برادری نہ صرف ملکی معیشت کیلئے قیمتی زرمبادلہ کما رہی ہے بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کی مصنوعات اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صنعتکاروں اور کاروباری افراد کو درپیش مسائل کے حل کیلئے چیمبر آف کامرس کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی جبکہ باہمی مشاورت سے ایسے اقدامات کئے جائیں گے جن سے کاروباری سرگرمیوں میں مزید تیزی، سرمایہ کاری میں اضافہ اور صنعتی شعبے کیلئے سازگار ماحول پیدا ہو۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب صنعتی ترقی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری کیلئے سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ضلعی سطح پر بھی حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ملاقات کے دوران شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں، انفراسٹرکچر کی بہتری، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، شہری سہولیات کی فراہمی اور کاروباری مراکز میں ٹریفک و دیگر شہری مسائل کے حل سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کاروباری برادری کی ضروریات کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کہا کہ شہر میں تجاوزات کے خاتمے کا مقصد شہریوں، تاجروں اور کاروباری برادری کیلئے بہتر، محفوظ اور منظم ماحول کی فراہمی ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کو قانون کے مطابق کارروائی اور کاروباری طبقے کے جائز مفادات کو مدنظر رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سید احتشام مظہر نے ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق کو سیالکوٹ کی صنعتکار اور کاروباری برادری کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور صنعتکاروں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مزید مؤثر رابطہ اور باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سینئر نائب صدر میاں مراد ارشد، نائب صدر سلمان شیخ، چیئرمین سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ ملک عبدالغفور، سابق صدور میاں عمران اکبر، خواجہ خاور اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔











