وزیرداخلہ محسن نقوی کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ کا دورہ،امیگریشن کاونٹرز کا معائنہ سمیت پراسیس کا جائزہ لیا

6

لاہور،9اگست( اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ لاہور کا اچانک دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے ائرپورٹ پر مسافروں کے  امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے امیگریشن کاونٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے پراسیس کے بارے میں دریافت کیا۔

 محسن نقوی نے مسافروں سے امیگریشن پراسیس کے وقت کے بارے میں دریافت کیا جس پرمسافروں نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ امیگریشن  میں 30 منٹ  لگے۔مسافروں نے  امیگریشن کے لئے  انتظامات مزید بہتر کرنے کی استدعا کی۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے  مسافروں کو امیگریشن کے عمل کو تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی اور فوری ایکشن لیتے ہوئے امیگریشن پراسیس کو تیز کرنے کے لیے ائرپورٹ پر تمام کاؤنٹرز اوپن رکھنے کے احکامات دئیے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دیگر کاؤنٹرز اوپن ہونے سے امیگریشن میں تاخیر نہیں ہو گی اور مسافروں کو سہولت ملے گی۔ ایک مسافر نے ایجنٹ کی جانب سے رقم لینے کی شکایت کی جس پر  وزیر داخلہ محسن نقوی نے موقع پر ہی نوٹس لیا اور کیس ڈائریکٹر ایف آئی اے کے سپرد کرنے اور ایجنٹ کی گرفتاری کے  احکامات جاری کیے ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ  نامکمل سفری دستاویزات پر کسی کو سفر کی اجازت ہرگز نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مکمل سفری دستاویزات والے کسی مسافر کو سفر سے نہیں روکا جائے گا۔

وزیر داخلہ  نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے امیگریشن میں آسانی ہوئی ہے اور جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والوں کے خلاف شکنجہ سخت ہو گیا ہے۔