اسلام آباد،09اگست (اے پی پی): پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے موقع پر وزارت اطلاعات و نشریات حکومت پاکستان کی جانب سے خصوصی نغمہ پیش کیا گیا ہے جس میں تینوں برادر اسلامی ممالک کے مشترکہ دینی و تہذیبی ورثے، باہمی اخوت اور دفاعی عزم کو اجاگر کیا گیا ہے۔
“ایک اللہ، ایک رسول ﷺ، ایک قرآن، ایک کلمہ، ایک قبلہ، ایک پہچان” کے مرکزی پیغام پر مبنی نغمے میں تینوں ممالک کے درمیان تاریخی، مذہبی اور دفاعی تعلقات، باہمی تعاون، اعتماد اور مشترکہ وژن کو خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
نغمے کی ویڈیو میں خانہ کعبہ اور قرآن پاک کے روح پرور مناظر کے علاوہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سعودی عرب اور ترک قیادت سے ملاقاتوں، تینوں ممالک کے قومی پرچم اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں کے مناظر بھی شامل ہیں، جو برادر اسلامی ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری کی عکاسی کرتے ہیں۔
وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے تیار کردہ اس نغمے میں مسلم امہ کے اتحاد، امن، استحکام اور باہمی تعاون کے جذبے کو نمایاں کرتے ہوئے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا گیا ہے۔
نغمے کے ذریعے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ تینوں ممالک اخوت، ایمان، باہمی اعتماد اور تعاون کے مضبوط رشتے میں متحد رہتے ہوئے امن، استحکام اور مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔











