اسلام آباد،10اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے مکہ مکرمہ کے مقدس مقام پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے تاریخی “مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ” کو مسلم امہ کے اتحاد اور خطے میں پائیدار امن کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
اپنے ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ اس تاریخی معاہدے نے امت مسلمہ کے لیے امن، اتحاد اور باہمی تعاون کی نئی راہوں کو ہموار کیا ہے۔ آنے والی نسلیں اس اہم معاہدے کو اتحاد، اعتماد اور مشترکہ امن کے ایک نئے باب کے طور پر یاد رکھیں گی۔
وفاقی وزیر نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف، سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوان کی بصیرت افروز قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان قائدین کے بروقت اور اہم فیصلوں نے ثابت کیا ہے کہ مضبوط اور بصیرت افروز قیادت قوموں کو قریب لاتی ہے اور امن کا راستہ کھولتی ہے۔
انہوں نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی شب و روز کاوشوں کو سراہتے ہوئے پوری قوم کی طرف سے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عسکری و سیاسی قیادت کی انتھک محنت کے باعث آج پاکستان کو عالمی سطح پر امن کا ایک نیا وقار اور مقام حاصل ہوا ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت تینوں برادر ممالک میں سے کسی ایک رکن پر بھی حملہ تمام ارکان پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک دوسرے کے دفاع اور سلامتی کو یقینی بنائیں گے۔
آخر میں انہوں نے عالمی رہنماؤں بالخصوص ترک صدر رجب طیب اردوان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے پوری مسلم امہ میں ایک نیا عزم اور امید پیدا ہوئی ہے۔











