اسلام آباد، 10 اگست(اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے پارکو گنور لمیٹڈ اور گنور گروپ کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں توانائی و پٹرولیم کے شعبے میں تعاون، اصلاحات، سرمایہ کاری اور ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں گنور گروپ کے ہیڈ آف پورٹفولیو شاہب رچایال، کارپوریٹ افیئرز ڈائریکٹر تھامس پیٹراس اور کاشف میو شامل تھے۔
وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ حکومت پٹرولیم شعبے کی کارکردگی، مسابقت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اصلاحات پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن اور جدید خطوط پر استوار کرنے سے پٹرولیم شعبے میں مزید ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے۔
احد چیمہ نے کہا کہ حکومت ملک میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ادارہ جاتی اور انتظامی اصلاحات کے ذریعے پٹرولیم شعبے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
گنور گروپ نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ وفد نے پاکستان کی ریفائنریوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور پٹرولیم شعبے کی ترقی میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔ گنور گروپ نے پاکستان میں اپنے کاروباری نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
دونوں فریقین نے پٹرولیم شعبے میں اصلاحات، مارکیٹ کی ترقی، ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے رابطہ و تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔











