لاہور، 9 اگست (اے پی پی): پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین دفاعی معاہدے کی خوشی میں پنجاب پولیس کی جانب سے تین روزہ تقریبات کا آغاز کر دیا گیا۔ اس موقع پر سنٹرل پولیس آفس لاہور سمیت صوبہ بھر کے پولیس دفاتر کو قومی پرچموں اور برقی روشنیوں سے سجا دیا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس دفاتر پر چراغاں کے ساتھ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچم بھی لہرائے جا رہے ہیں۔ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدے کی خوشی میں پنجاب پولیس دیگر قومی اداروں کے ساتھ بھرپور انداز میں شریک ہے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدہ خطے میں سلامتی، استحکام اور امن کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اس تاریخی معاہدے کی خوشیوں میں دیگر اداروں کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس ملک کی اندرونی سرحدوں کی حفاظت اور امن و امان کے قیام کے لیے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ فرائض انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی سلامتی اور امن کے لیے پنجاب پولیس اپنا کردار بھرپور انداز میں جاری رکھے گی۔











