اسلام آباد،10اگست (اے پی پی):وزارت مذہبی امور اور حبیب بینک کے درمیان حج 2027 کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت طے پا گئی ہے ، 17 اگست سے حج 2027 کےلئے درخواستوں کی وصولی شروع ہوگی ، سرکاری سکیم کے عازمین کی تعداد ایک لاکھ 7 ہزار 526 ہے جو پہلے آیئے ، پہلے پائیے کی بنیاد پر ہو گی۔
پیر کو وزارت مذہبی امور میں وزیر مذہبی امور سردارمحمد یوسف نے وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا اور حبیب بینک کے حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حج کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے، عازمین کو انتظار اور طویل قطاروں سے بچانا چاہتے ہیں ، تمام عازمین حج گھر بیٹھے درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حبیب بینک کو حج پارٹنر بنایا گیا ہے، حج درخواستوں کو ڈیجیٹل کرنے کا مقصد شفافیت کو یقینی بنانا اور چیکنگ کے نظام کو بہتر بنانا ہے، شارٹ حج کےلئے 30 ہزار کا کوٹہ مقررکیا گیا ہے، سرکاری سکیم کی درخواستوں کا کوٹہ مکمل ہوتے ہی درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی، نجی عازمین بھی پاک حج ایپ کے ذریعے پرائیویٹ آپریٹرز کا انتخاب کر سکیں گے، پرائیویٹ سکیم کے عازمین بھی ادائیگی پاک حج ایپ کے علاوہ نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ درخواست کی وصولی کے ساتھ ہی حج اخراجات کی پہلی قسط وصول کی جائے گی، دوسری قسط ستمبر کے پہلے ہفتے میں وصول کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نجی حج آپریٹرز کو بھی پاک حج ایپ استعمال کرنا ہو گی۔ اس موقع پر حبیب بینک کے نمائندہ محمد اسد خان نے کہا کہ حج امور سے متعلقہ ذمہ داری ملنے پر خوشی ہے ، یہ مشقت والی عبادت ہے، عازمین حج کو حبیب بینک کی 1700 سے زائد برانچز پر خدمات فراہم کریں گے، حبیب بینک عازمین سے اسلامی بینکنگ کے تحت کوئی چارجز نہیں لے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں حبیب بینک شریعہ کمپلائنس خدمات فراہم کر رہا ہے، عازمین کے پاس ادائیگی کےلئے تین آپشنز موجود ہیں ، حج واجبات کریڈٹ کارڈ، ون لنک یا پی ایس آئی ڈی کے ذریعے جمع کرائے جا سکیں گے، چالان فارم پرنٹ کر کے نقد رقم بھی جمع کرائی جا سکے گی۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ حج آپریشن میں شامل ہونے کےلئے تمام بینکوں نے درخواست کی تھی مگر اس معیار کو صرف حبیب بینک نے پورا کیا ہے ، باقی بینک ڈیجیٹائزیشن کے معیار کو پورا نہیں کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حبیب بینک عازمین سے کوئی منافع نہیں لے گا ۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا نے کہا کہ نئے نظام کا مقصد شفافیت ہے ، اس سے قبل پرائیویٹ عازمین سے فراڈ کی شکایات سامنے آئی تھیں اور درخواستوں کی وصولی میں مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا، اب پاسپورٹ آفس کے ڈیٹا سے مدد لی جائے گی، عازمین کےلئے حج فارم جمع کرانا آسان بنا دیا گیا ہے ، حبیب بینک عازمین حج کو موبائل خدمات بھی فراہم کرےگا ۔











