اسلام آباد، 11 اگست (اے پی پی): پاکستان اور جاپان کے درمیان انسانی وسائل کی ترقی کے لیے اسکالرشپ پروگرام کے تحت گرانٹ معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
وزارت اقتصادی امور میں منعقدہ تقریب میں سیکریٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی نے ریکارڈ آف ڈسکشنز اور دستاویزات کے تبادلے پر دستخط کیے،جبکہ وزارت اقتصادی امور کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری میران محی الدین سومرو اور جائیکا پاکستان کے چیف نمائندے یوسوکے شینوزاکی نے گرانٹ معاہدے پر دستخط کیے۔
جاپان کی جانب سے جائیکا کے ذریعے فراہم کی جانے والی گرانٹ کے تحت پاکستانی نوجوان وفاقی سول سروس اور سابق کیڈر افسران کے لیے جاپان کی ممتاز جامعات میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے لیے اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔2018 میں پروگرام کے آغاز سے اب تک آٹھ بیچ اس اسکالرشپ پروگرام سے مستفید ہوچکے ہیں۔ پروگرام کا مقصد پاکستانی سرکاری افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور استعدادِ کار میں اضافہ کرنا ہے۔
اس موقع پر سیکریٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے پاکستان اور جاپان کے درمیان تعاون کے فروغ میں جاپانی حکومت اور عوام کے تعاون کو سراہا۔
جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی اور جائیکا کے چیف نمائندے یوسوکے شینوزاکی نے پاکستان اور جاپان کے دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔











