جشنِ آزادی: سٹی ٹریفک پولیس ملتان کا ون ویلنگ اور خطرناک موڈیفکیشنز کے خلاف بڑا اقدام، سی ٹی او کی مکینکس کو  ہدایت

6

ملتان، 11اگست(اے پی پی):جشنِ آزادی کے موقع پر سڑکوں کو محفوظ، پُرامن اور حادثات سے پاک بنانے کے لیے سٹی ٹریفک پولیس ملتان نے خصوصی آگاہی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) ملتان محمد نبیل کھوکھر نے بوسن روڈ موٹر سائیکل مارکیٹ کا دورہ کیا اور موٹر مکینکس کو خصوصی لیکچر دیا۔

دورے کے دوران سی ٹی او ملتان نے مکینکس کو ہدایت کی کہ وہ موٹر سائیکلوں میں ون ویلنگ، تیز رفتاری اور غیر معمولی شور پیدا کرنے والی غیر قانونی تبدیلیاں ہرگز نہ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سائلنسر یا بفل میں غیر قانونی تبدیلی کرنے والے مکینکس کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مکینکس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ موٹر مکینکس اپنی قومی اور اخلاقی ذمہ داری کا احساس کریں اور نوجوانوں کی قیمتی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی تبدیلیوں سے گریز کریں۔

سی ٹی او ملتان نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ون ویلنگ، ریسنگ اور خطرناک ڈرائیونگ سے روکیں تاکہ یومِ آزادی کا جشن امن اور سلامتی کے ساتھ منایا جا سکے۔

اس موقع پر انجمن تاجران بوسن روڈ کے نمائندگان فارق ملک، عارف صفی اللہ، ملک رضوان اور مختلف سوسائٹیز کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر 14 اگست کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور شہریوں میں شعور بیدار کرنے کے لیے ایک آگاہی واک کا انعقاد بھی کیا گیا۔