لودھراں، 12 اگست(اے پی پی):ای خدمت مرکز لودھراں میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ہدایت پر 79ویں جشن آزادی کے سلسلے میں رنگا رنگ اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر چوہدری محمد رمضان، انچارج ای خدمت مرکز محمد ثاقب چغتائی، انونٹری سپروائزر رانا عمر سمیت مرکز کے تمام سٹاف نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے آزادی کے دن کو بھرپور انداز میں مناتی ہیں۔ جشن آزادی ہمیں وطن عزیز کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو وطن کے لیے اپنے آباؤ اجداد کی لازوال قربانیوں سے روشناس کروانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے زیر اہتمام شاندار تقریب کے انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی دنوں کی تقریبات میں عوامی شمولیت حب الوطنی کے جذبے کو مزید تقویت دیتی ہے۔محمد اشرف نے ای خدمت مرکز میں موجود سائلین سے مختلف سرکاری خدمات اور ریلیف کی فراہمی کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ایک ہی چھت تلے مختلف سروسز کی بیک وقت فراہمی کو سراہا۔ انہوں نے مہمانوں کی بک میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے جشن آزادی کے سلسلے میں جاری شجرکاری مہم کے تحت ای خدمت مرکز میں پودا بھی لگایا۔











